اسلام آباد: شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ گستاخانہ خاکوں کی وجہ سے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے اور لوگ مشتعل ہیں۔
اسلاموفوبیا کے بڑھتے رجحان پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ فرانسیسی میگزین چارلی ایبڈو کی پُرزور مذمت کرتا ہوں، گستاخانہ خاکوں کی وجہ سے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے، لوگ مشتعل ہیں، اس بلاجواز حرکت کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، ہم دیکھ رہے ہیں کہ اسلاموفوبیا، نسل پرستی اور زینوفوبیا کا رجحان دنیا میں بڑھتا چلا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہر عالمی فورم پر اس مسئلے کی نشان دہی کی، وزیراعظم عمران خان نے جنرل اسمبلی میں بھی مطالبہ کیا کہ اس مسئلے کا تدارک ہونا چاہیے، بین الاقوامی سطح پر مل بیٹھ کر سوچنا چاہیے کہ ایسے رجحانات کو کیسے روکا جائے، آزادی اظہار رائے کا مطلب یہ نہیں کہ آپ کے ہاتھ دوسروں کی دل آزاری کا لائسنس آگیا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہمیں توقع ہے کہ عالمی برادری فی الفور ایسے رجحانات کی بیخ کنی کرے گی، حکومت پاکستان نے حکومت فرانس کو اپنی تشویش سے آگاہ کردیا ہے، توقع کرتا ہوں کہ جنہوں نے یہ حرکت کی انہیں کٹہرے میں لایا جائے گا۔