کراچی: شہر قائد کے معروف کاروباری مرکز گل پلازہ میں ہفتے کی شب پیش آنے والے واقعے خوف ناک آتش زدگی کے واقعے نے پورے ملک کو غم میں مبتلا کر دیا ہے۔ اس الم ناک واقعے میں درجن سے زائد شہری اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جب کہ کئی افراد اب بھی لاپتا ہیں۔
میڈیا کی معروف شخصیت اور وائس آف سندھ کے پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر عمیر ہارون نے اس سانحے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ محض ایک غمگین لمحہ نہیں بلکہ ایک جاگنے والا انتباہ ہے۔ اگر اب بھی بیدار نہ ہوا گیا تو سانحات ہمارا مقدر رہیں گے۔ انہوں نے اس سانحے کے مرحومین کی روح کے سکون کے لیے دُعا کی اور اُن کے لواحقین کے لیے صبر و حوصلے کی خواہش کا اظہار کیا۔
ڈاکٹر عمیر ہارون نے مزید کہا کہ یہ واقعہ ہمیں یاد دلاتا ہے اگر بروقت اور مؤثر حفاظتی اقدامات نہ کیے جائیں تو انسانی جانیں ہر لمحہ خطرے میں ہوسکتی ہیں۔ عوامی مقامات کی حفاظت اولین ترجیح ہونی چاہیے اور ایسے اقدامات یقینی بنائے جائیں کہ ایسے دل خراش سانحات دوبارہ نہ ہوسکیں۔
ڈاکٹر عمیر ہارون کا کہنا تھا کہ گل پلازہ کی آتش زدگی نے نہ صرف شہریوں کو صدمے میں مبتلا کیا بلکہ سندھ حکومت اور متعلقہ اداروں کی حفاظتی اور انتظامی کارکردگی پر بھی سوالات کھڑے کردیے ہیں۔
ڈاکٹر عمیر ہارون کا کہنا تھا کہ اس الم ناک سانحے سے سبق سیکھتے ہوئے عوامی مقامات میں حفاظتی اقدامات کو فوری طور پر یقینی بنایا جانا چاہیے تاکہ مستقبل میں انسانی جانوں کو اس قسم کے خطرات سے محفوظ بنایا جاسکے۔