کراچی: شہر قائد میں پیش آنے والے سانحہ گل پلازہ میں جاں بحق افراد کی تعداد 31 تک جاپہنچی۔
ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے گل پلازہ کا ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے جہاں سے مزید 3 لاشوں کے کچھ حصے ملے ہیں جنہیں فوری سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ سانحہ میں جاں بحق افراد کی تعداد 31 ہوگئی ہے جب کہ دیگر لاپتا افراد کی تلاش جاری ہے۔
حکام کے مطابق سانحہ میں لاپتا افراد کی تعداد 86 ہوگئی ہے، ایک اور لاپتا شہری کے اہل خانہ نے ڈی سی آفس سے رابطہ کیا ہے۔
دوسری جانب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کمشنر کراچی نے کہا کہ گل پلازہ واقعے کی تفتیش کافی پیچیدہ ہوگئی، اس میں مختلف اینگلز ہیں، گل پلازہ واقعے میں کسی ایک ادارے پر ذمے داری نہیں ڈالی جاسکتی، اس کی تفتیش میں کوشش ہوگی کہ حکومت کو مشورے بھی دیں، کوشش ہوگی کہ ایسے مشورے دیں جس سے آئندہ ایسے واقعات نہ ہوں۔
علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر جنوبی جاوید نبی کھوسو نے کہا کہ جب تک ایک بھی لاپتا شخص ہے اس وقت تک عمارت کو نہیں گراسکتے اور جب سب مکمل ہوجائے گا تب پوری عمارت کو گرائیں گے۔
جاوید کھوسو کا کہنا تھا کہ برابر میں موجود رمپا پلازہ کو عارضی طور پر بند کیا ہے، ایس بی سی اے سے رمپا پلازہ کے نقشے اور دیگر چیزیں مانگی ہیں۔