نیویارک: پاکستانی نژاد امریکی علی راشد کو اُن کی بہترین خدمات کے اعتراف میں سٹی اینڈ اسٹیٹ نیویارک نے سو ایشین امریکن رہنمائوں کی فہرست میں شامل کیا ہے۔
علی راشد امریکن پاکستانی ایڈووکیسی گروپ کے صدر کی حیثیت سے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ یہ گروپ علی راشد کی قیادت میں نیویارک کی پاکستانی کمیونٹیز اور وہاں کے دیگر پس ماندہ لوگوں کے لیے جدوجہد کرتا ہے۔
یہ گروپ باہمی امداد کی باقاعدہ کوششوں کے ساتھ، APAG شہر اور ریاستی سطح کی مقننہ میں زیر بحث سماجی مساوات کی متعدد پالیسیوں کا سخت حامی ہے۔ علی راشد کے گروپ نے محنت کش خاندانوں کے ٹیکس کریڈٹ کے لیے لابنگ کی ہے تاکہ بچوں اور کارکنوں کے لیے مختص رقم بڑھائی جاسکے، ریاست کے ہاؤسنگ ایکسیس واؤچر پروگرام میں زیادہ سرمایہ کاری کی جاسکے اور نیویارک کے تارکین وطن کے لیے صحت کی دیکھ بھال تک رسائی کو مزید بڑھایا جاسکے۔
علی راشد نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں اس اعزاز کے ملنے پر سٹی اینڈ اسٹیٹ نیویارک کا شکریہ ادا کرنے کے ساتھ آئندہ بھی لگن کے ساتھ کام کرنے کے جذبے کا اظہار کیا ہے۔