حکومت آٹو انڈسٹری پر ٹیکسوں کا بوجھ ڈالنا بند کرے، چیئرمین پاپام

کراچی: پاپام کے چیئرمین عبدالرحمان عزیز کا کہنا ہے کہ کاروں پر 37 سے 43 فیصد ٹیکسوں کا نفاذ آٹو انڈسٹری کی ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔
کراچی ایکسپو سینٹر میں پاکستان آٹو شو 2023 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان ایسوسی ایشن آف آٹو موٹیو پارٹس اینڈ ایسے سریز مینوفیکچررز(پاپام) عبدالرحمان عزیز نے کہا کہ حکومت آٹو انڈسٹری کے ساتھ دودھ دینے والی گائے جیسا برتاؤ کرتے ہوئے ٹیکسوں کا بوجھ ڈالنا بند کرے، آٹو انڈسٹری کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ حکومتی ٹیکس کم کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ آٹو انڈسٹری صرف پسنجر کاروں اور ایس یو ویز تک ہی محدود نہیں، مینوفیکچرنگ بیس کو وسیع کرتے ہوئے بحران کا شکار انڈسٹری کو بحالی کی راہ پر ڈالنے کے لیے حکومتی ٹیکسوں میں کمی ضروری ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں 300 کے لگ بھگ کمپنیاں کاروں کے ہزاروں پرزے تیار کررہی ہیں، جو بڑے پیمانے پر روزگار کی فراہمی کے ساتھ ملک کی صنعتی پیداوار بڑھانے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

Abdul RehmanAuto IndustryChairman PapamTax Reduce Demand