اسلام آباد: فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ نے شہباز شریف کے خلاف لاہور ہائی کورٹ رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ شہباز شریف کی شخصی ضمانت پر نواز شریف باہر گئے، نواز شریف کا باہر جانا مکمل فراڈ تھا، نواز شریف نے 17 ماہ سے علاج نہیں کرایا، وہ ملک سے فراڈ کے ذریعے نکلے ہیں۔
وفافی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ پنجاب حکومت نے نواز شریف کی صحت کی رپورٹس مسترد کردیں، نواز شریف کے باہر بھیجنے کے فراڈ کے ذمہ دار شہباز شریف ہیں اور شہباز شریف کی لاہور ہائی کورٹ طلبی پر درخواست دی جائے گی۔
فواد چوہدری نے کہا کہ سانحہ مری میں قریباً22افراد جان کی بازی ہار گئے، مری میں5گاڑیوں کے ساتھ واقعات پیش آئے، اموات کاربن مونو آکسائیڈ کی وجہ سے ہوئیں، وزیراعظم نے اس سانحے پر گہرے دکھ اور رنج وغم کا اظہار کیاہے۔
انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ کے مطابق ایک لاکھ64ہزار گاڑیاں مری میں داخل ہوئیں، ہم نے 13نئے سیاحتی مقامات متعارف کرائے ہیں، ملک میں سیاحت کے بے پناہ مواقع ہیں، کالام،ناران،سوات اور دیگرمقامات پر سیاحوں کا رش ہے۔