حکومت کا قانون شکنوں کے ساتھ سختی سے نمٹنے کا فیصلہ

اسلام آباد: احتجاج کے حوالے سے وفاقی حکومت نے شرپسند عناصر اور نقص امن میں ملوث افراد کے ساتھ سختی سے نمٹنے کا فیصلہ کرلیا۔
وزارت داخلہ میں تحریک لبیک کے ملک گیر احتجاج کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، جس میں وزیر داخلہ شیخ رشید، وزیر مذہبی امور نور الحق قادری اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام نے شرکت کی۔ آئی جی پنجاب بھی ویڈیولنک کے ذریعے شریک ہوئے اور امن و امان کی صورت حال پر بات چیت ہوئی۔
حکومت نے فیصلہ کیا کہ امن وامان کی صورت حال کسی صورت خراب نہیں ہونے دی جائے گی، قانون ہاتھ میں لینے والوں اور شرپسندوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
وزارت داخلہ نے اسلام آباد کے حساس علاقوں میں انٹرنیٹ سروس معطل کرنے کے احکامات جاری کردیے۔ ترامڑی، فیض آباد، ٹی چوک روات، ایکسپریس وے، اٹھال چوک بارہ کہو میں انٹرنیٹ سروس 24 گھنٹوں کے لیے معطل رہے گی۔
دوسری جانب لاہور میں بھی صوبائی سب کیبنٹ کمیٹی برائے داخلہ کا وزیر قانون راجہ بشارت کی سربراہی میں اہم اجلاس ہوا، جس میں لاہور کے 16 اہم مقامات پر پولیس کے ساتھ رینجرز بھی تعینات کرنے کی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حالات زیادہ خراب ہونے پر پاک فوج کی خدمات لی جاسکتی ہیں، راستے کھلوائے جائیں گے، بہت برداشت کرلیا اب راستے بند نہیں ہونے دیں گے۔

Govt of Pakistaninterior ministerShaikh Rasheed