حکومتی اتحاد کا چیئرمین نیب کیلئے جسٹس (ر) مقبول باقر پر اتفاق

اسلام آباد: چیئرمین نیب کے لیے سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس (ر) مقبول باقر کے نام پر حکومتی جماعتوں نے اتفاق کرلیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق حکمراں جماعت مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی سمیت دیگر اتحادی جماعتوں کی نیب کے چیئرمین کی تقرری کے حوالے سے مشاورت ہوئی، جس میں جسٹس (ر) مقبول باقر کے نام پر اتفاق ہوا۔
ذرائع کے مطابق جسٹس مقبول باقر کا نام وزیراعظم شہباز شریف اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کی ملاقات کے بعد زیر غور آیا ہے۔ اگر اپوزیشن لیڈر راجا ریاض کو جسٹس (ر) مقبول باقر کے نام پر کوئی اعتراض نہیں ہوا تو انہیں ہی اگلا چیئرمین نیب لگایا جائے گا۔
سابق جج مقبول باقر سندھ ہائی کورٹ سے سپریم کورٹ میں پروموٹ ہوئے تھے اور ان کے بطور جج کردار پر کبھی کوئی داغ نہیں۔
قبل ازیں چیئرمین نیب کے لیے پانچ نام زیر غور تھے جن میں جسٹس (ر) مقبول باقر کے علاوہ جسٹس (ر)دوست محمد،سابق ڈی جی آئی بی آفتاب سلطان، سابق وفاقی سیکریٹری اخلاق تارڑ اور سابق اٹارنی جنرل عرفا ن قادر شامل تھے۔
موجودہ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال پیپلزپارٹی، ن لیگ سمیت تمام جماعتوں سے کہہ رہے ہیں کہ مجھے ہی عہدہ پر برقرار رکھاجائے میں ہر طرح کے تعاون کو تیار ہوں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان اتفاق کے بعد چیئرمین نیب کے نام کی سمری صدر کو ارسال کردی جائے گی۔
خیال رہے کہ موجودہ چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کے عہدے کی مدت 2 جون کو ختم ہورہی ہے۔

Govt Alliance AgreedJustice (r) Maqbool BaqarName for Chairman Nab