کراچی: گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کراچی کے تاجروں اور صنعت کاروں کو پیش کش کی ہے کہ جس کے پاس بھی بھتے کی پرچی آرہی ہے، وہ مجھے لاکر دے، میں خود بھتہ دے دوں گا۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے ایکسپو سینٹر میں منعقدہ نمائش مائی کراچی میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کی ترقی کو دیکھ کر دل خوش ہوتا ہے اور مجھے امید ہے کہ کراچی بھی ان شاء اللہ ترقی کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ شہر کے تاجروں اور صنعت کاروں نے بھتے کی پرچیاں ملنے کی شکایات کیں، انہیں کہتا ہوں کہ اگر اب کسی کے بھی پاس بھتے کی پرچی آئے وہ مجھے لاکر دے، میں خود بھتہ دے دوں گا۔
کراچی میں آتشزدگی کے واقعات پر گورنر سندھ نے کہا کہ آگ لگنے کے واقعات ہوتے رہتے ہیں مگر اس پر قابو پانے کا انتظام ہونا چاہیے جب کہ حکمت عملی بنانے کی بھی ضرورت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کراچی کے لیے مخیر افراد سے 50 فائر ٹینڈرز فراہم کرنے کی بات کی ہے اور ان شاء اللہ اس میں جلد پیش رفت ہوگی۔ کراچی شہر فلاحی اداروں کو 250 ارب روپے کے عطیات دیتا ہے۔