گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ ملک بھر کے مخیر حضرات اور دنیا بر کے ممالک اور رفاہی ادارے افغان عوام کے لیے بھرپور امداد کریں۔
گورنر چودھری محمد سرور عالمی رفاہی ادارے بیت السلام کے سربراہ مولانا عبد الستار حفظ اللہ کے ساتھ گورنر ہاؤس لاہور میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ پریس کانفرنس کے دوران گورنر پنجاب نے باہمی اشتراک اور تعاون سے افغان عوام کے لیے مدد اور تعاون کا اعلان بھی کیا۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے اپنی پریس کانفرنس کے دوران فلاحی ادارے بیت السلام کی خدمات کو سراہا اور اور کہا کہ انہیں امید واثق ہے کہ بیت السلام حسب رویات فلاحی کاموں کے لیے اپنی خدمات جاری رکھے گا اور اس عظیم کارِ خیر میں اپنا حصہ ڈالے گا۔ انہوں نے کورونا کی وبا سے متاثرہ گھرانوں کے لیے بیت السلام کی امدادی مہم کو سراہا اور تنظیم کے کردار کی تعریف کی۔
اس موقع پر بیت السلام کے سربراہ مولانا عبد الستار نے اعلان کیا کہ ان کا ادارہ بہت بڑی مقدار اور سطح پر غذائی اجناس کی شکل میں افغان عوام کے لیے تعاون کا سلسلہ جاری رکھے گا۔ انہوں نے عوام اور فلاحی اداروں سے بھی اس کارِ خیر میں بیت السلام کا ہاتھ بٹانے کی اپیل کی۔ پریس کانفرنس میں مذہبی، سیاسی اور کاروباری شخصیات نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر لاہور کی معروف کاروباری شخصیت جناب احسن صاحب بھی موجود تھے۔