اسلام آباد: حکومت نے 31 اگست تک حاجیوں کو فی کس ڈیڑھ لاکھ روپے واپس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
گزشتہ روز حج آپریشن 2022 کی تکمیل کے بعد وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ 31 اگست تک حاجیوں کو فی کس ڈیڑھ لاکھ واپس ملیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزارت مذہبی امور سبسڈی کی مد میں ڈیڑھ لاکھ روپے فی حاجی کے حساب سے رقم کی ادائیگی 17 اگست سے 31 اگست تک مکمل کرے گی۔
مفتی عبدالشکور کا کہنا تھا کہ حجاج اپنی اصل شناختی دستاویزات دکھا کر یہ رقوم اپنے متعلقہ بینکوں سے لے سکتے ہیں اور جن حاجیوں کے اکاؤنٹس ہیں ان کو ان کی رقم ان کے اکاؤنٹ میں منتقل کردی جائے گی۔
وزیر مذہبی امور نے مزید کہا کہ 5 ارب 10 کروڑ 73 لاکھ 50 ہزار روپے کی رقم سرکاری اسکیم کے تمام 34049 حاجیوں کو ادا کی جائے گی، 34 ہزار 49 سرکاری حجاج کو رقوم کی واپسی کی اطلاع بذریعہ موبائل SMS کی جائے گی، جس کے لیے سرکاری حجاج مقررہ وقت کے اندر اپنے متعلقہ بینک سے رابطہ کریں۔