اسلام آباد: پی ڈی ایم اور اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی نااہل کرانے کے لیے سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کیا جائے گا۔
پی ڈی ایم اور اتحادی جماعتوں کا وزیراعظم ہاؤس میں منعقدہ اجلاس ختم ہوگیا، جس میں پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس پر الیکشن کمیشن کے فیصلے پر تفصیلی غور کیا گیا اور آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عمران خان کو نااہل کرانے کے لیے سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کیا جائے گا، ریفرنس آرٹیکل62 اور 63 کے تحت دائر کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے ساتھ غیر رسمی مشاورت کے بعد ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کل ممنوعہ فنڈنگ کیس پر سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے گی، الیکشن کمیشن کے فیصلے پر کارروائی اور طریقہ کار کا فیصلہ بھی کل وفاقی کابینہ کرے گی، تحریک انصاف کے بے نامی اکاؤنٹس اور کرمنل کیسز سے متعلق کارروائی کا فیصلہ بھی کل کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق عمران خان اور دیگر قیادت کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق بھی کابینہ کل فیصلہ کرے گی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تحریک انصاف سمیت کسی کو بھی ریڈ زون میں احتجاج نہیں کرنے دیا جائے گا، کوئی احتجاج کرنا چاہتا ہے تو ریڈ زون کے باہر جہاں مرضی کرلے۔