شادی ہالز رات 10 اور مارکیٹیں ساڑھے 8 بجے بند کرنے کا حکومتی اعلان

اسلام آباد: توانائی بچت پروگرام کے تحت حکومت نے ملک بھر میں شادی ہالز رات 10 اور مارکیٹیں ساڑھے 8 بجے بند کرنے کا اعلان کردیا۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں کہا کہ سرکاری اداروں کے بجلی کے استعمال میں 30 فیصد کمی لائی جائے گی، اس منصوبے سے سالانہ 62 ارب روپے کی بچت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ساری دنیا میں جس وقت دفاتر مارکیٹیں بند ہوتی ہیں، پاکستان کی روٹین اس سے مختلف ہے، یہاں مارکیٹیں اور ریسٹورنٹس ایک دو بجے تک کھلے رہتے ہیں، دفاتر کا بھی یہی حال ہے، ہمیں اپنا طرز زندگی بدلنے کی ضرورت ہے، ہماری عادات و اطوار باقی دنیا سے مخلتف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یکم جولائی کے بعد بجلی سے چلنے والے پنکھے تیار نہیں کیے جائیں گے، ہم گرمیوں میں 29 ہزار میگاواٹ بجلی استعمال کرتے ہیں، 17 ہزار میگاواٹ بجلی سردیوں کی نسبت زیادہ استعمال کرتے ہیں، سردیوں میں ہم 12 ہزار میگاواٹ بجلی استعمال کرتے ہیں، گرمی سے بچنے کے لیے ہم 18 ہزار میگاواٹ بجلی استعمال کرتے ہیں، جس میں سے صرف پنکھے 12 ہزار میگاواٹ بجلی استعمال کرتے ہیں، پروگرام بنارہے ہیں کہ بجلی کا استعمال نیچے لائیں، ہم ایک پروگرام پر عمل کررہے ہیں کہ پنکھوں میں بجلی کا استعمال کم کیا جائے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ یکم فروری سے فلیمنٹ والے بلب تیار نہیں ہوں گے جو بجلی زیادہ لیتے ہیں، اس سے 22 ارب روپے کی بچت ہوگی جب کہ تمام سرکاری ادارے بجلی کی بچت کے لیے ایفیشیئنٹ آلات لگائیں گے، غیر مؤثر آلات پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

Defence Ministerenergy saving programeFederal Cabinet meetingGovt of Pakistan Decisionkhawaja asifMarket close time 8:30 PMMarriage Halls closing time 10:00 PMPress conference