اسلام آباد: پاورڈویژن نے بجلی سہولت پیکیج کا اعلان کردیا، جس کے تحت سردی میں اضافی بجلی کے استعمال پر فی یونٹ قیمت میں ریلیف دیا جائے گا۔
پاور ڈویژن کے مطابق اضافی بجلی کے استعمال پرفی یونٹ 26 روپے تک ریلیف دیا جائے گا۔
پاور ڈویژن کا بتانا ہے کہ گزشتہ سال کے مقابلے اضافی بجلی کے استعمال پر ریلیف ملے گا اور اضافی بجلی پر 26 روپے7 پیسے فی یونٹ کا فلیٹ ریٹ دیا جائے گا۔
بجلی سہولت پیکیج موسم سرما کے 3 ماہ یعنی دسمبر 2024 سے فروری 2025 کے لیے ہوگا۔
پاور ڈویژن کے مطابق بجلی سہولت پیکیج کا اطلاق گھریلو، کمرشل اور صنعتی صارفین پر ہوگا۔
گھریلو صارفین کو ٹیرف پر 11 روپے 42 پیسے سے 26 روپے تک فی یونٹ ریلیف ملے گا جب کہ کمرشل صارفین کو 13 روپے 46 پیسے سے 22 روپے 71 پیسے تک فی یونٹ ریلیف ملے گا۔
صنعتی صارفین کو 5 روپے 72 پیسے سے 15 روپے 5 پیسے تک فی یونٹ بچت ہوگی۔
اس سے قبل ذرائع کا کہنا تھا کہ حکومت نے موسم سرما اور بہار میں اضافی بجلی استعمال کرنے کے لیے ونٹر پیکیج کا پلان تیار کرلیا۔
ذرائع کا بتانا تھا کہ موسم سرما میں اضافی بجلی کے استعمال کے لیے بنائے گئے ونٹر پیکیج کو جنوری سے شروع کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ بجلی کی طلب 8 ہزار سے 15 ہزار میگاواٹ بڑھانے کا پلان بنایا گیا ہے جب کہ اضافی بجلی کے استعمال پر صارفین کو ایک یونٹ پر 12 روپے تک ریلیف دینے کی تجویز ہے۔