اہلیان کراچی کیلیے خوشخبری، اورنج لائن بس سروس کا آغاز

کراچی: شہر قائد کے عوام کے لیے خوش خبری، اُن کی سفری سہولتوں میں مزید اضافہ اورنج لائن بس سروس کی صورت ہوگیا۔ وزیر ٹر انسپورٹ سندھ شرجیل انعام میمن نے کراچی کے شہریوں کے لیے اورنج لائن بی آر ٹی بس سروس کا افتتاح کر دیا۔
اورنج لائن کی افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ آج اورنج لائن عوام کے لیے کھول دی گئی ہے، سیلابی صورت حال کی وجہ سے تقریب کو سادگی سے منعقد کیا گیا ہے۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ اورنج لائن بس سروس کا کرایہ 10 سے 20 روپے تک ہے اور 4 اسٹیشنز ہیں، پٹرول مہنگا ہونے کے باوجود موجودہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کم کرایہ رکھا گیا ہے۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ اورنج لائن پروجیکٹ کی بسیں جدید ترین ہیں اور اس منصوبے کی 100 فیصد لاگت پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے اٹھائی ہے۔
صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ کراچی کے شہریوں کو جلد ٹرانسپورٹ کی بہت بڑی خوش خبری ملے گی جس کے بارے میں انہیں آگاہ بھی کر دیا جائے گا۔

Big News for Karachi citizensinaugurationMinister Transport SindhOrange line bus serviceSharjeel Inam Memontoday