اسلام آباد: اہلیان کراچی کے لیے بڑی خوش خبری، بجلی 4 روپے سے زائد سستی کرنے کی منظوری دے دی گئی۔
نیپرا نے کے الیکٹرک کی درخواست پر صارفین کے لیے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 4 روپے 87 پیسے کمی کی منظوری دے دی۔
نجی ٹی وی کے مطابق نیشنل پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں کے الیکٹرک کے فیول ایڈجسٹمنٹ کی سماعت کرتے ہوئے چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی نے کے الیکٹرک صارفین کو 7 ارب روپے سے زائد کا ریلیف فراہم کردیا۔
کے الیکٹرک کی جانب سے اگست کی فیول ایڈجسمنٹ میں 4 روپے 21 پیسے فی یونٹ بجلی سستی کرنے کی تجویز دی گئی تھی تاہم نیپرا نے کے الیکٹرک کے لیے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 4 روپے 87 پیسے کمی کی منظوری دے دی۔
نیپرا کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک صارفین کو 7 ارب 21 کروڑ روپے سے زائد کا ریلیف حاصل ہوگا۔
نیپرا حکام کے مطابق کے الیکٹرک کی اپنی بجلی پیداوار کی لاگت 38 روپے فی یونٹ ہے جب کہ کےالیکٹرک جو بجلی خریدتا ہے اس کی لاگت 13.61 روپے فی یونٹ ہے۔
سماعت کے دوران چیئرمین نیپرا نے سوال کیا کہ کے الیکٹرک بجلی کی پیداواری لاگت کم کرنے کے لیے کیا کررہی ہے، جس پر کے الیکٹرک حکام نے کہا کہ پیداواری لاگت کم کرنے کے لیے قابل تجدید توانائی اور گیس پر پیداوار بڑھانے کا پروگرام ہے۔
چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی نے کہا کہ کے الیکٹرک کو پیداوار سے 24 روپے فی یونٹ سستی بجلی مل رہی ہے، کے الیکٹرک اپنی سستی پیداوار بڑھانے کے لیے اپنے اقدامات پر ریگولیٹر کو بتائے۔
اس دوران نیپرا کے کیس افسر نے کہا کہ حکومت 15 روپے فی یونٹ ٹیرف میں سبسڈی دے رہی ہے۔