کراچی: پاکستان میں رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران ملکی تاریخ میں پہلی بار فی تولہ سونے کی قیمت میں 5 ہزار 100 روپے کا اضافہ دیکھا گیا۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 46 امریکی ڈالر کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی نئی قیمت ایک ہزار 942 امریکی ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اضافے کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، حیدرآباد، سکھر، فیصل آباد، راولپنڈی، گوجرانوالا سمیت دیگر جگہوں پر فی تولہ سونے کی قیمت میں پانچ ہزار ایک سو روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد فی تولہ سونے کی نئی قیمت ایک لاکھ 23ہزار 800 روپے ہو گئی ہے۔
فی تولہ سونے کی طرح دس گرام سونے کی قیمت میں بھی ملکی تاریخ میں پہلی بار چار ہزار 372 روپے کی بڑی بڑھوتری دیکھی گئی جس کے بعد دس گرام سونے کی نئی قیمت ایک لاکھ چھ ہزار 138 روپے ہوگئی ہے۔