کراچی: پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار فی تولہ سونے کی قیمت میں 6 ہزار 100 روپے کی کمی دیکھی گئی جب کہ تین روز کے دوران قیمت میں 12ہزار روپے کی گراوٹ دیکھنے میں آئی۔
عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 55 امریکی ڈالر کی تنزلی دیکھی گئی جس کے بعد فی اونس سونے کی قیمت عالمی مارکیٹ میں 1ہزار 933 روپے ہوگئی۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں سونا سستا ہونے کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں کراچی، لاہور، اسلام آباد، کوئٹہ، پشاور، فیصل آباد، سکھر، حیدرآباد، راولپنڈی، گوجرانوالا، ملتان سمیت دیگر مقامات پر فی تولہ سونے کی قیمت ملکی تاریخ میں پہلی بار 6 ہزار 100 روپے سستی ہوگئی، جس کے بعد فی تولہ سونے کی نئی قیمت 1 لاکھ 20 ہزار روپے ہوگئی ہے۔
دوسری جانب دس گرام سونے کی قیمت میں بھی تاریخی 5 ہزار 229 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد دس گرام سونے کی نئی قیمت ایک لاکھ 2 ہزار 881 روپے ہوگئی ہے۔