کراچی: بین الاقوامی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں بڑے اضافے سے نرخ تاریخ کی نئی بلندیوں پر پہنچ گئے۔
ایران میں قیادت کی تبدیلی کے لیے امریکا کی جانب سے منڈلاتے ہوئے جنگ کے بادل، امریکی فیڈرل ریزرو کی شرح سود میں مزید کمی کی بازگشت اور جیو پولیٹیکل حالات سے عالمی و مقامی سطح پر سونے اور چاندی کی قیمتیں وقفے وقفے سے تاریخ کی نئی بلندیوں کو چھو رہی ہیں۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 75ڈالر کے بڑے اضافے سے 4ہزار 670 ڈالر کی نئی بلند سطح پر آگئی۔
عالمی مارکیٹ میں اضافے کے سبب فی تولہ سونے کی قیمت بھی 7 ہزار 500روپے کے بڑے اضافے سے 4 لاکھ 89 ہزار 362 روپے کی نئی بلند سطح پر آگئی۔
اسی طرح، فی دس گرام سونے کی قیمت 6ہزار 431روپے بڑھ کر 4لاکھ 19ہزار 549روپے کی سطح پر آگئی۔
سونے کے ساتھ، فی تولہ چاندی کی قیمت 300 روپے کے اضافے سے 9 ہزار 782 روپے کی نئی بلند سطح پر آگئی جب کہ فی دس گرام چاندی کی قیمت 257 روپے کے اضافے سے 8 ہزار 386 روپے کی سطح پر آگئی۔