کراچی: امریکا اور ایران کے درمیان دو ہفتوں کی جنگ بندی کے اعلان کے بعد عالمی منڈیوں میں بڑا ردعمل سامنے آیا ہے، تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی جب کہ اسٹاک مارکیٹس میں زبردست تیزی دیکھی جارہی ہے۔
عالمی بینچ مارک برینٹ کروڈ کی قیمت قریباً 15.9 فیصد کمی کے بعد 92.30 ڈالر فی بیرل تک آگئی جب کہ امریکی مارکیٹ میں ٹریڈ ہونے والا خام تیل بھی قریباً 16.5 فیصد کمی کے ساتھ 93.80 ڈالر فی بیرل پر آگیا۔
تاہم ماہرین کے مطابق قیمتیں اب بھی اس سطح سے زیادہ ہیں جہاں تنازع شروع ہونے سے قبل 28 فروری کو تیل قریباً 70 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہورہا تھا۔
یاد رہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث تیل اور گیس کی سپلائی شدید متاثر ہوئی تھی، خاص طور پر ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں پر حملوں کی دھمکی کے بعد توانائی کی قیمتوں میں بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔
جنگ بندی کے بعد ایشیا پیسیفک خطے کی اسٹاک مارکیٹس میں بھی زبردست تیزی دیکھنے میں آئی۔
جاپان کے نکئی 225 انڈیکس میں 4.5 فیصد جبکہ جنوبی کوریا کے کوسپی انڈیکس میں 5.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔