راولپنڈی: راولپنڈی میں لڑکی سے لڑکی کی شادی کے معاملے کا ڈراپ سین ہوگیا، دولہا عاصمہ علی عرف آکاش علی نے میڈیکل ٹیسٹ کرانے کے بجائے اپنی بیوی نیہا کو طلاق دے دی۔
ادھر لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے مبینہ لڑکی سے لڑکی کی شادی کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کی۔ دوران سماعت فریقین کے وکلاء عدالت میں پیش ہوئے۔ لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے عاصمہ بی بی عرف آکاش علی کے عدالت میں پیش نہ ہونے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
پولیس نے عدالت میں رپورٹ پیش کی کہ تین مرتبہ علی آکاش کے دیے گئے پتے پر گئے، مگر وہ وہاں موجود نہیں تھے۔ لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے مبینہ لڑکی کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کردی۔
دھیان رہے راولپنڈی میں مبینہ لڑکی سے لڑکی کی شادی کے معاملے پر دلہن نیہا کے والد نے لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ سے رجوع کیا تھا۔