گلگت بلتستان: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں بیٹھے لوگ فیصلے کرتے ہیں، لیکن عوام کی بات نہیں سنتے۔
بلاول بھٹو زرداری کا گلگت بلتستان کے علاقے گھانچھے میں خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اسلام آباد میں بیٹھے لوگ فیصلے کرتے ہیں لیکن عوام کی بات نہیں سنتے، اس نااہل سلیکٹڈ حکومت نے پنجاب اور خیبر پختون خوا کو تباہ کیا، ہم نے گلگت بلتستان کو بچانا ہے، ہم اس کٹھ پتلی حکومت سے جمہوریت کو بچائیں گے، گلگت کے عوام عمران خان کے یوٹرن اور پروپیگنڈے پر یقین نہیں کریں، وہ آپ کے نوجوانوں کو ایسے ہی تباہ کرے گا جیسے نوجوان ڈاکٹرز کے مستقبل کو تباہ کیا، ہم ہائبرڈ نظام کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سندھ میں بہترین صحت کی سہولتیں دے رہے ہیں، سندھ کی ایک تحصیل میں جگر کی پیوندکاری کی مفت سہولت دے رہے ہیں، پنجاب اور دیگر صوبوں کے عوام اس سہولت سے فائدہ اٹھارہے ہیں، سندھ کی طرح گلگت بلتستان میں بھی تعلیم اور صحت کی بہترین سہولت دیں گے، میں دنیا کو پہلے گلگت بلتستان جانے کا کہتا ہوں بعد میں سندھ آنے کا کہتا ہوں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ گلگت بلتستان میں ہماری حکومت بنے گی، آپ کی اسمبلی جو قرارداد پاس کرے گی اسے قومی اسمبلی سے منظور کرائیں گے، ہماری قیادت نے عالمی سطح پر پاکستانیوں کو روزگار دلایا، غریب ترین لوگوں کی مدد کے لیے بے نظیر اِنکم سپورٹ پروگرام دیا، اس کے برعکس موجودہ حکومت پاکستانی عوام سے روزگار چھین رہی ہے۔