سابق وزیراعظم گیلانی سینیٹ میں قائد حزب اختلاف مقرر!

اسلام آباد: سابق وزیراعظم اور پی پی رہنما یوسف رضا گیلانی سینیٹ میں قائد حزب اختلاف بن گئے۔
نجی ٹی وی کے مطابق سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے لیے مسلم لیگ (ن) کے اعظم نذیر تارڑ کی جانب سے 21 سینیٹرز کے دستخط کے ساتھ درخواست جمع کرائی گئی جب کہ یوسف رضا گیلانی کی درخواست پر 30 سینیٹرز کے دستخط تھے۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے درخواستوں پر ایک ایک سینیٹر سے ان کے دستخط کی تصدیق کی، جس کے بعد سینیٹ سیکریٹریٹ نے یوسف رضا گیلانی کی بطور اپوزیشن لیڈر تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جے یو آئی نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کی تقرری کےعمل میں حصہ نہیں لیا اور اس کے سینیٹر نے کسی کو بھی ووٹ نہیں دیے، جس کی وجہ سے ن لیگ کے امیدوار کے پانچ ووٹ کم ہوئے۔
اس سے قبل یوسف رضا گیلانی نے 30 ارکان کی حمایت کے دستخط کے ساتھ درخواست جمع کرائی تھی۔
ذرائع کے مطابق 2 آزاد ارکان سینیٹ سینیٹر ہدایت اللہ اور سینیٹر ہلال الرحمان نے یوسف رضا گیلانی کی حمایت میں دستخط کیے تھے۔
خیال رہے کہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے لیے پی ڈی ایم جماعتوں میں اختلافات پائے گئے اور مسلم لیگ (ن) اپنا اپوزیشن لیڈر لانے کے لیے سرگرم تھی۔

Notification releaseOpposition leaderPPPSenateYousuf Raza Gilani