کراچی: ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (اے آئی جی) کراچی غلام نبی میمن کو وفاقی کابینہ نے آئی جی سندھ لگانے کی منظوری دے دی، جس کے بعد وہ نئے آئی جی سندھ تعینات ہوگئے۔
پولیس سروس آف پاکستان کے گریڈ 21 کے افسر غلام نبی میمن اس سے قبل ایڈیشنل آئی جی کراچی کے عہدے پر کام کررہے تھے۔
سندھ ہائی کورٹ نے دعا زہرا بازیابی کیس میں آئی جی سندھ کامران فضل کو عہدے سے ہٹانے کی ہدایت کی تھی جس کے بعد سندھ حکومت کی جانب سے وفاق کو غلام نبی میمن کو آئی جی سندھ لگانے کی سفارش کی گئی تھی۔
وفاقی کابینہ میں اس سلسلے میں کئی ناموں پر غوروخوض کیا گیا، تاہم غلام نبی میمن کو انسپکٹر جنرل آف پولیس سندھ تعینات کرنے کی منظوری دے دی گئی اور اب ان کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
غلام نبی میمن اس سے قبل بھی ایڈیشنل آئی جی کراچی رہ چکے ہیں جب کہ وہ ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ بھی تعینات رہے ہیں۔