کراچی: عالمی شہرت یافتہ اداکارہ ماہرہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے حال ہی میں بدتمیزی سیکھی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق اداکارہ ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ کی آنے والی پاکستانی فلم آگ لگے بستی میں کا ٹریلر جاری کردیا گیا، جس کے بعد شوبز انڈسٹری میں اس فلم کے حوالے سے خاصی دلچسپی دیکھنے میں آ رہی ہے۔
بلال عاطف خان کی تحریر اور ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم کو کامیڈی، ایکشن اور رومانوی عناصر پر مبنی ایک کمرشل انٹرٹینر کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے، جسے عید کے موقع پر ناظرین کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
فلم کی کہانی برکت نامی ایک ایمان دار مگر مالی مشکلات کا شکار شخص کے گرد گھومتی ہے، جس کا کردار فہد مصطفیٰ نے ادا کیا ہے جب کہ ماہرہ خان ان کی اہلیہ الماس کے کردار میں نظر آئیں گی۔
کہانی میں الماس اپنے شوہر کے مثالی طرزِ زندگی سے نالاں دکھائی دیتی ہیں اور دونوں کے درمیان تعلق فلم کی جذباتی بنیاد بنتا ہے۔
ٹریلر میں ایکشن، مزاح اور ازدواجی کشیدگی کی جھلکیاں دکھائی گئی ہیں جب کہ یہ بھی اشارہ ملتا ہے کہ برکت کا جرائم کی دنیا سے تعلق سنگین نتائج کا باعث بن سکتا ہے۔
فلم کے ذریعے سوشل میڈیا سے شہرت حاصل کرنے والی ثمرہ شہزادی بھی پہلی مرتبہ مرکزی دھارے کے سنیما میں قدم رکھ رہی ہیں۔ ٹریلر لانچ تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اسے اپنے لیے ایک جذباتی اور پُرجوش تجربہ قرار دیا۔
سینئر اداکار صلاح الدین تنیو بھی اس فلم میں اپنے بیٹے فہد مصطفیٰ کے ساتھ پہلی بار اسکرین شیئر کررہے ہیں۔
فہد مصطفیٰ نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ایک منظر میں والد کی جانب سے تھپڑ کھانا ان کے لیے جذباتی لمحہ تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ آج بھی اپنے والد سے اداکاری سیکھتے ہیں۔
ان کے مطابق، ایک منظر میں مجھے تھپڑ پڑنا تھا اور وہ میرے والد نے مارا، جو محبت اور دعا سے بھرا ہوا تھا۔ میں بچپن سے اپنے والد کے ساتھ کام کررہا ہوں اور ڈراموں میں بھی اس سے پہلے تھپڑ کھا چکا ہوں۔
ماہرہ خان نے کہا کہ یہ کردار ان کے سابقہ کرداروں سے مختلف ہے، ان کے مطابق انہیں ایک نسبتاً سخت اور جارحانہ شخصیت ادا کرنے کی ہدایت دی گئی، جو ان کی فطرت کے مطابق نہیں تھی، تاہم مضبوط اسکرپٹ نے کردار کی تیاری میں مدد دی۔
انہوں نے کہا کہ بلال کا اصرار تھا کہ یہ کردار میرے لیے ہی لکھا گیا ہے اور میں اسے کرسکتی ہوں، اس لیے میں نے لوگوں کو مشاہدہ کیا اور کردار پر خاصی محنت کی۔ حقیقت یہ ہے کہ اسکرپٹ اتنا اچھا تھا کہ کام آسان ہوگیا۔
فلم کی دیگر کاسٹ میں جاوید شیخ ایک کرائم باس کے کردار میں جب کہ کامیڈین تابش ہاشمی منفی کردار میں نظر آئیں گے۔ تابش ہاشمی نے بتایا کہ فلم کی زیادہ تر شوٹنگ کراچی میں ہوئی اور پروڈکشن کے چیلنجز کے باوجود یہ تجربہ خوش گوار رہا۔
انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ جب فہد مصطفیٰ نے بتایا کہ ماہرہ خان بھی فلم کا حصہ ہیں تو میں نے فوراً ہاں کردی۔ مجھے تو سیٹ پر جا کر معلوم ہوا کہ یہ مکمل فلم ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فہد مصطفیٰ نے فلم کو پیسہ وصول انٹرٹینر قرار دیا جب کہ جاوید شیخ کا کہنا تھا کہ ناظرین کو فلم کی کہانی اور سنیماٹوگرافی پسند آئے گی۔
آگ لگے بستی میں عیدالفطر کے موقع پر پاکستان بھر کے سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔