پاکستانی نوجوان کی محبت میں مبتلا جرمن ڈاکٹر نے پاکستان آکر شادی کرلی

منڈی بہاء الدین: جرمنی سے تعلق رکھنے والی خاتون ڈاکٹر پاکستانی نوجوان کی محبت میں منڈی بہاء الدین پہنچی اور نوجوان سے شادی کرلی۔
تفصیلات کے مطابق منڈی بہاء الدین کے گاؤں دیفار سے تعلق رکھنے والے 22 سالہ نوجوان محمد اکمل نے 26 سالہ جرمن ڈاکٹر سلمیٰ کو پاکستان بلاکر محبت کی شادی کرلی۔
ایک یوٹیوب چینل کو انٹرویو میں محمد اکمل نے بتایا کہ ان کی بات چیت آن لائن گیم روبلوکس سے شروع ہوئی اور قریباً پانچ ماہ تک وہ ایک دوسرے سے آن لائن بات چیت کرتے رہے جس کے بعد سلمیٰ نے پاکستان آ کر ان سے شادی کرنے کا فیصلہ کیا۔
اکمل نے بتایا کہ پہلے دن ہی انہوں نے سلمیٰ کو پروپوز کردیا تھا اور کچھ دنوں کی رکاوٹ کے بعد وہ پاکستان پہنچ گئیں۔ سلمیٰ نے بتایا کہ پاکستان آ کر گاؤں کی زندگی اور روزمرہ کے کام دیکھ کر انہیں ابتدا میں حیرت ہوئی مگر وہ خوش تھیں کہ وہ اپنے شوہر کے ساتھ ہیں۔
سلمیٰ نے بتایا کہ گاؤں کے کام جیسے کپڑے اور برتن دھونا اور روٹی بنانا ایک نیا تجربہ تھا، اگرچہ پہلے دنوں میں مشکل محسوس ہوئی مگر انہوں نے اسے سیکھا۔
اکمل نے بتایا کہ شادی میں خاندان کی مکمل مدد حاصل تھی اور قریباً 45 لاکھ روپے خرچ ہوئے، جس میں سفری اخراجات اور شادی کی تقریب شامل تھی۔
سلمیٰ کے پاس دو پاسپورٹ ہیں، جرمن اور بوسنیائی اور وہ پاکستان میں اپنی زندگی اکمل کے ساتھ گزارنا چاہتی ہیں۔
سلمیٰ نے مزید بتایا کہ وہ پنجابی اور اردو بھی سیکھ رہی ہیں، تاکہ کمیونیکیشن میں آسانی ہو۔ اکمل نے کہا کہ شادی کے بعد زندگی خوش گوار ہے اور دونوں ایک دوسرے کے ساتھ محبت اور احترام سے رہ رہے ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین اس جوڑے کی سادگی، خلوص اور محبت کو سراہ رہے ہیں۔

Arrived in PakistanGerman Female DoctorLove MarriageMandi Baha UddinPakistani young Man