برلن: جرمنی سے تعلق رکھنے والے فرد نے 120 دن پانی کے اندر رہنے کا ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
فرانسیسی خبر ایجنسی کے مطابق جرمن ایرو اسپیس انجینئر 59 سالہ روڈیگر کوچ نے سب سے طویل عرصے تک پانی کے اندر رہنے کا ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا۔
جرمن شہری نے 120 دن پاناما کے ساحل پر سمندر کے نیچے اپنے 320 اسکوائر فٹ کے کیپسول میں گزارے، چار کیمروں نے کیپسول میں ان کی ذہنی صحت کی نگرانی کرتے ہوئے ان کی روزمرہ حرکتوں کو فلمایا۔
اس سے قبل پانی میں سب سے زیادہ وقت گزارنے کا ریکارڈ امریکی شہری جوزف ڈٹوری کے پاس تھا جنہوں نے فلوریڈا کی ایک جھیل میں پانی کے اندر 100 دن گزارے تھے۔
جرمن شہری کے کیپسول میں تمام ضروری اشیا جس میں ایک بستر، بیت الخلا، ٹی وی، کمپیوٹر، انٹرنیٹ یہاں تک کہ ایک ایکسرسائز بائیک بھی موجود تھی۔
کیپسول کو پانی کے اوپر والے چیمبر سے جوڑا گیا تھا، تاکہ باہر کی دنیا سے رابطہ برقرار رکھا جاسکے، ایک سیڑھی کو اوپر چیمبر سے منسلک کرکے کھانے پینے کی اشیا لانے اور آنے والوں کے لیے کیپسول تک آنے کا راستہ بنایا گیا تھا، بجلی کی فراہمی کیلئے سطح پر شمسی پینل اور بیک اپ جنریٹر بھی موجود تھا۔
روڈیگر کوچ کا کہنا ہے کہ ان کا یہ تجربہ انسانی زندگی کے بارے میں ہمارے سوچنے کے انداز کو بدل دے گا، ہم پانی میں مستقل طور پر آباد ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم یہاں جو کچھ کرنے کی کوشش کررہے ہیں، وہ یہ ثابت کرنا ہے کہ سمندر میں درحقیقت انسانوں کے رہنے کے لیے ایک قابل عمل ماحول ہے۔