آزاد امیدوار 100، ن لیگ 73 اور پی پی قومی اسمبلی کی 54 نشستوں پر کامیاب

اسلام آباد: ملک میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں پولنگ کے بعد نتائج آنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔
عام انتخابات 2024 کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق قومی اسمبلی میں آزاد امیدوار 100 نشستیں لے کر سب سے آگے ہیں جب کہ مسلم لیگ ن 73 اور پیپلز پارٹی نے اب تک 54 نشستیں حاصل کی ہیں۔
اس کے علاوہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان 17، مسلم لیگ (ق) 3، استحکام پاکستان پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام اب تک 2، 2 نشستیں اور مجلس وحدت المسلمین ایک نشست حاصل کرچکی ہے۔
8 فروری کو ہونے والے انتخابات میں جہاں بڑے بڑے اپ سیٹ ہوئے وہیں مختلف سیاسی جماعتوں کے سربراہان نے کامیابی بھی حاصل کی۔
مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 130 سے پاکستان تحریک انصاف کی حمایت یافتہ آزاد امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد کو شکست دی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی کی دو نشستوں پر کامیابی حاصل کی، انہوں نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 194 لاڑکانہ اور این اے 196 قمبر شہدادکوٹ سے کامیابی حاصل کی۔
بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل گروپ کے سربراہ سردار اختر مینگل نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 256 خضدار سے کامیابی حاصل کی۔
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے این اے 256 پشین سے کامیابی حاصل کی۔
ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 248 سے کامیابی حاصل کی۔

 

General electionMQM Pakistan Wins 17 SeatsPakistanPML N Win 73 SeatsPPP Wins 54 SeatsResults