کراچی: پاکستانی ڈراموں کی مقبول اداکارہ اشنا شاہ کا ماننا ہے کہ پاکستان شوبز انڈسٹری میں مرد و خواتین کے ساتھ یکساں رویہ نہیں رکھا جاتا۔
اشنا شاہ نے اس حوالے سے اپنے ایک پرانے انٹرویو کا اسکرین شاٹ انسٹا اسٹوریز میں شیئر کیا، جس میں ان کا کہنا ہے کہ مرد اور خواتین فنکاروں کے ساتھ مختلف قسم کا رویہ اختیار کیا جاتا ہے۔ اشنا نے کیپشن میں لکھا ” میں نے جو کہنا تھا کہا ”۔
انٹرٹینمنٹ سائٹ سم تھنگ ہاٹ کو گزشتہ سال دیے جانے والے اس انٹرویو میں اشنا کا کہنا تھا کہ ایک خاتون کا رویہ جس قسم کا بھی ہو لیکن اس کا تاثرہمیشہ منفی لیا جاتا ہے۔
اُن کے مطابق سیٹ پر اگر میں یا کوئی اداکارہ کسی چیز کا مطالبہ کرتی ہے تو اس بات کو ہمیشہ منفی لیا جاتا ہے اور بیان کیا جاتا ہے کہ یہ اداکارہ ڈیمانڈنگ ہیں، لیکن اگر کوئی مرد اس سے 5 گنا زیادہ بُرا رویہ رکھے تو اس سے کسی کو شکایت نہیں ہوتی یا کہا جاتا ہے کہ وہ سینئر آرٹسٹ ہے۔
اس سے قبل صبا بخاری، فریال محمود سمیت کئی اداکارائیں انڈسٹری میں صنفی امتیاز برتے جانے کے حوالے سے اپنے تجربات شیئر کرچکی ہیں، جنہوں نے نام لیے بغیر کہا کہ کئی ڈائریکٹرز اور پروڈیوسرز کام کے بدلے ناجائز مطالبات کرچکے ہیں۔
شوبزنس انڈسٹری سے متعلق مقدمات بھی میڈیا کی زینت بنتے رہتے ہیں۔