کراچی: معروف گلوکار اور اداکار گوہر ممتاز نے کہانی سنو کو عصر حاضر کا سب سے مشہور گانا قرار دے دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کے بینڈ کے گانے ’عادت‘ کے بعد ’کہانی سنو‘ 20 برسوں بعد سب سے مشہور گانا ثابت ہوا ہے۔
دی جل بینڈ کا مشہورِ زمانہ گانا عادت عاطف اسلم نے گایا تھا جب کہ اس گانے کے کمپوذر گوہر ممتاز تھے۔ یہ وہ گانا تھا جس نے اس بینڈ اور عاطف اسلم کو شہرت کی بلندیوں تک پہنچایا۔
عادت 20 برس پہلے ریلیز ہوا تھا، تاہم اس کی مقبولیت آج بھی پہلے جیسی ہے اور مداح اسے آج بھی بے حد پسند کرتے ہیں۔
تاہم ان دنوں کوک اسٹوڈیو کے گانے کنایاری سے مشہور لیاری سے تعلق رکھنے والے گلوکار کیفی خلیل کا گانا کہانی سُنو ٹاپ ٹرینڈ بنا ہوا ہے اور اسے خوب پذیرائی مل رہی ہے۔
عادت کے کمپوزر اور گلوکار گوہر ممتاز نے بھی کیفی کے گانے کو سراہتے ہوئے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ اگر پچھلے 20 برسوں میں عادت کے بعد کوئی گانا بے حد مشہور ہوا ہے تو وہ کہانی سنو ہے۔
گوہر ممتاز کا کہنا تھا کہ انہیں خود بھی کیفی کا یہ گانا بے حد پسند ہے، کیفی نے اس گانے کے لیے بہترین شاعری اور سُروں کا انتخاب کیا ہے۔
خیال رہے کہ کیفی نے کہانی سنو خود لکھا اور گایا ہے جب کہ اس گانے کو انہوں صرف 8 ماہ قبل اپنے یوٹیوب چینل پر ریلیز کیا تھا جس کو اب تک 80 ملین ویوز حاصل ہوچکے ہیں۔