کراچی میں رہائشی عمارت میں گیس لیکیج دھماکا، 16 افراد جاں بحق

کراچی: شہر قائد کے علاقے سولجر بازار میں گیس لیکیج کے باعث عمارت میں ہونے والے دھماکے سے جاں بحق افراد کی تعداد 16 ہوگئی۔
پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے سولجر بازار میں صبح 4 بجے کے قریب عمارت میں گیس لیکیج کے باعث دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں عمارت کا کچھ حصہ گر گیا، حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سیکیورٹی سخت کردی اور ریسکیو اداروں نے سرچ آپریشن شروع کردیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ عمارت تین منزلہ ہے اور ہر فلور پر ایک کمرہ قائم ہے، تنگ گلیوں کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق جائے حادثہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور اب تک 16 لا شیں نکالی جاچکی ہیں، جن میں 4 بچے اور 6 خواتین بھی شامل ہیں جب کہ 12 سے زائد زخمی ہیں، جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ڈی جی ریسکیو 1122 بریگیڈیئر واجد نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں بتایا کہ گیس دھماکا عمارت کی پہلی منزل پر ہوا، دھماکا گیس سلنڈر یا گیس کھینچنے والی مشین سے ہوا، جس میں اب تک 7 لاشیں نکالی جاچکی ہیں، جن میں خاتون اور بچی کی لاشیں بھی شامل ہیں۔
ڈی جی نے کہا کہ مزید افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے، جس کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے، چھوٹی عمارت کے لیے ہمارے پاس خاص آلہ ہوتا ہے، آلے کی مدد سے لوہے کو کاٹ کر ملبہ ہٹایا ہے۔
دوسری جانب ڈی آئی جی ایسٹ ڈاکٹر فرخ لنجار نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکا گیس لیکیج کا ہے، ریسکیو آپریشن جاری ہے اور ملبے میں ایک لاش دبے ہونے کا خدشہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ واقعے کی تحقیقات کی جائیں گی اور کیمیکل ایگزیمین کے بعد ہی دھماکے کی اصل نوعیت کا تعین ہوسکے گا جب کہ عمارت سے متعلق محکمہ بتائے گا کہ یہ عمارت قانونی تھی یا غیر قانونی، تعین کرکے واقعے کے ذمے داران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

16 Marytredgas leakagekarachiSoldier Bazar Building Blast