کیلیفورنیا: جیٹ انجن، گھومتی پنکھڑیوں اور موٹر کے بغیر گلائیڈر کو صرف ہوا کے دوش پر 880 کلومیٹر تک اُڑانے کا کامیاب مظاہرہ کیا گیا ہے۔
اس عمل کو ’ڈائنامِک سورنگ‘ کہا جاتا ہے جس میں عموماً تیز ہوا والے اونچے مقامات مثلاً پہاڑوں کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ پہلی مرتبہ ہوا کے دوش پر گلائیڈر کو اس رفتار پر دیکھا گیا جو ایک ریکارڈ ہے۔
گلائیڈر پر نصب ایک آلے سے اس کی برق رفتاری کی تصدیق ہوئی ہے۔ گزشتہ 20 برسوں کو ڈائنامک سورنگ کے شائقین اور ٹیکنالوجی میں بہت ترقی ہوئی ہے۔ اس میں باد حرکیات (ایئروڈائنامکس) کے اصولوں پر ایسے گلائیڈر بنائے جاتے ہیں جو کسی پہاڑی سے ہوائی جہاز گراتے ہی تیز ہوا کی بدولت اڑتے رہتے ہیں۔
کیلیفورنیا کے اسپینسرلائزنبائی نے یہ ریکارڈ اپنے نام کیا ہے۔ وہ ڈی ایس کائنیٹک نامی کمپنی کا مالک بھی ہے۔ اس گلائیڈر کی لمبائی 130 انچ یا 3.3 میٹر ہے۔ اس کے مضبوط بازو کاربن سے بنے ہیں۔ نظری طور پر یہ 580 میل یا 933 کلومیٹر کی رفتار تک بھی جاسکتا ہے۔
لاس اینجلس کے شمال میں واقع پارکر پہاڑی سے اسے اڑایا گیا ہے۔ اس وقت ہوا 65 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی تھی۔