لندن: سلطنت برطانیہ پر سب سے طویل عرصے راج کرنے والی آنجہانی ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی آخری رسوم کا آغاز ہوگیا، وزیراعظم شہباز شریف پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں۔
ملکہ الزبتھ دوم کی آخری رسوم شروع ہوچکی ہیں، پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر 02:30 پر ملکہ کے تابوت کو کوئن کمپنی کے جوانوں کا گروپ نیوی گن کیرج لے کر گیا، سہ پہر 2:52 پر ملکہ کے تابوت کو ویسٹ منسٹر ہال کے مغربی گیٹ پر لایا گیا، ملکہ الزبتھ دوم کی آخری رسوم کی سروس سہ پہر 3 بجے شروع ہوگئی۔
شام 4 بجے برطانوی قومی ترانے کے ساتھ ملکہ الزبتھ دوم کی آخری رسوم کی سروس اختتام پذیر ہوگی، شام سوا 4 بجے ملکہ کی میت کا جلوس ویلنگٹن آرچ پہنچے گا، شام 5 بجے ملکہ کے تابوت کو جلوس کے ساتھ ونڈسر قلعہ کی جانب روانہ کیا جائے گا۔
رات ساڑھے 11 بجے ملکہ الزبتھ دوم کی تدفین کی رسم ہوگی، ملکہ الزبتھ دوم کی تدفین ان کے شوہر شہزادہ فلپ کے پہلو میں ونڈسر قلعہ میں کی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف سمیت دنیا بھر سے سربراہان مملکت اور 500 سے زائد عالمی رہنما ملکہ الزبتھ دوم کی آخری رسوم میں شرکت کریں گے۔
امریکی صدر جوبائیڈن بھی آخری رسوم میں شرکت کے لیے لندن پہنچ گئے ہیں جب کہ شمالی کوریا، ایران اور روس کے سربراہان کو دعوت نہیں دی گئی۔