پیرس: کوئی خاتون دنیا میں پہلی بار 100 ارب ڈالرز سے زیادہ دولت کی مالک بن گئی۔
بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق فرانس سے تعلق رکھنے والی فرانکوئس بیٹن کورٹ میئرس کے اثاثے 100 ارب ڈالرز سے زائد ہوگئے اور وہ پہلی خاتون ہیں جو یہ اعزاز پانے میں کامیاب ہوئیں۔
دنیا کے ایک مقبول ترین میک اپ برانڈ کمپنی کی مالک فرانکوئس بیٹن کورٹ دنیا کی 12 ویں امیر ترین شخصیت ہیں اور پہلی بار ان کے اثاثے 100 ارب ڈالرز تک پہنچے ہیں۔
ان کی کمپنی کے حصص کی مالیت میں 2023 کے دوران 35 فیصد اضافہ ہوا، جس سے عندیہ ملتا ہے کہ کووڈ 19 کی وبا کے بعد لوگ ایک بار پھر پُرتعیش مصنوعات پر پیسے خرچ کررہے ہیں۔
70 سالہ فرانکوئس بیٹن کورٹ کے والد نے L’Oréal گروپ آف کمپنیز کی بنیاد رکھی تھی اور وہ اپنے والدین کی اکلوتی اولاد تھیں۔
2017 میں ان کی والدہ کے انتقال کے بعد انہیں کمپنی کے 33 فیصد حصص اور دیگر اثاثے مل گئے تھے۔
اب وہ دنیا کی سب سے بڑی کاسمیٹک کمپنی کی وائس چیئرپرسن ہیں۔
اگرچہ ان کے اثاثے 100 ارب ڈالرز تک پہنچ گئے ہیں مگر یہ دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کے مقابلے میں بہت کم نظر آتے ہیں جو 232 ارب ڈالرز کے مالک ہیں۔
فرانکوئس بیٹن کورٹ میئرس بزنس کے ساتھ لکھنا بھی پسند کرتی ہیں اور اب تک مختلف موضوعات پر کئی کتابیں تحریر کرچکی ہیں۔ ان کی 1984 میں شادی ہوئی اور ان کے 2 بیٹے ہیں۔