ہیوسٹن: متحدہ قومی مومنٹ (ایم کیو ایم) کے سابق رہنما ندیم نصرت کی کار پر فائرنگ کی گئی ہے۔
ایم کیو ایم رہنما واسع جلیل نے ایک نجی چینل کو تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ امریکا میں مقیم ندیم نصرت کی گاڑی پر ہیوسٹن میں دوپہر کے وقت فائرنگ کی گئی، تاہم وہ محفوظ رہے۔
رہنما ایم کیو ایم واسع جلیل نے بتایا کہ ندیم نصرت ہیوسٹن میں ہی مقیم ہیں، تاہم ان کا فون بند ہے۔
ہیوسٹن میں آج دوپہر کے پروگرام سے واپسی پر ندیم نصرت کی کار پر فائرنگ ہوئی۔
ندیم نصرت پروگرام میں شرکت کے بعد مرکزی نشر و اشاعت سیکریٹری شاہد فرہاد کے ساتھ واپس جارہے تھے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق ندیم نصرت ہیوسٹن میں تقریب میں شرکت کے بعد گھر جارہے تھے کہ نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کردی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی جب کہ فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ ہیوسٹن میں وائس آف کراچی کے نام سے ایک پروگرام منعقد کیا گیا تھا جس میں چیئرمین ندیم نصرت نے پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کیا جو ایک گھنٹے تک جاری رہا۔