دہرے قتل میں بھارتی لوک سبھا کے سابق رکن کو عمر قید کی سزا

نئی دہلی: بھارت کی عدالت عظمیٰ نے دُہرے قتل کیس میں لوک سبھا کے سابق رکن کو عمر قید کی سزا سنادی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سپریم کورٹ نے جمعہ کو پربھوناتھ سنگھ کے خلاف قتل کیس کا فیصلہ سنایا اور جرم ثابت ہونے پر انہیں عمر قید کی سزا سنائی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق راشتریا جنتا دل کے سابق رکن پر 1995 میں دو افراد کو قتل کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ پربھوناتھ سنگھ نے 1995 کے انتخابات میں مخالف امیدوار کو ووٹ دینے پر دو افراد پر فائرنگ کی تھی، جس سے وہ ہلاک ہوگئے تھے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ نے 18 اگست کو سیکشن 302 اور 307 کے تحت ملزم پر فرد جرم عائد کی تھی، جس پر عدالت نے فیصلہ سنایا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں بہار کی ریاستی حکومت کو متاثرہ خاندان کو 10 لاکھ روپے ادا کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پربھوناتھ سنگھ تین مرتبہ لوک سبھا کے رکن رہ چکے ہیں۔

 

Double Murder CaseFormer Member Lok SabhaIndiaIndian Supreme CourtLife ImprisonmentParbhu nath