نئی دہلی: بھارت کے سابق وزیراعظم اور کانگریس کے رہنما من موہن سنگھ گزشتہ روز 92 سال کی عمر میں چل بسے۔ بھارتی حکومت نے اُن کے انتقال پر 7 روزہ سرکاری سوگ کا اعلان کردیا جب کہ ان کی آخری رسوم سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی جائیں گی۔
بیرون ملک کے خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق 2004 سے 2014 تک وزیراعظم رہنے والے 92 سالہ منموہن سنگھ گزشتہ روز نئی دہلی کے ایک ہسپتال میں انتقال کر گئے، ان کی آخری رسوم سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی جائیں گی۔
بھارتی حکومت نے ایک بیان میں کہا کہ منمومن سنگھ کے احترام کے طور پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ پورے بھارت میں 7 روزہ سرکاری سوگ منایا جائے گا، سوگ یکم جنوری تک جاری رہے گا۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ اس کے علاوہ یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ڈاکٹر منموہن سنگھ کی آخری رسوم ریاستی اعزاز کے ساتھ ادا کی جائیں گی، ملک بھر کی سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔
دوسری جانب بھارت کی کرکٹ ٹیم چوتھے ٹیسٹ میں میزبان آسٹریلیا کے خلاف منموہن سنگھ کے احترام میں بازو پر سیاہ پٹی باندھ کر میلبورن کے میدان میں اتری۔
حکومت کی جانب سے ریاستی سطح پر آخری رسوم کی تاریخ کا فوری طور پر اعلان نہیں کیا گیا لیکن کانگریس پارٹی کے ایک سینئر رکن نے تجویز کیا یہ ہفتے کو ادا کی جائیں گی۔