اسلام آباد: آئی پی پی کے رہنما فواد چوہدری کو اسلام آباد سے گرفتار کرلیا گیا۔
اُن کے بھائی فراز چوہدری نے بتایا کہ فواد چوہدری کو پولیس اہلکار گھر سے گرفتار کرکے لے گئے، تاہم انہیں کہاں منتقل کیا گیا ہے اس بارے میں کچھ نہیں معلوم۔
اہلیہ حبا چوہدری نے بھی فواد چوہدری کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ شوہر کو گرفتار کرلیا گیا، تاہم انہیں کہاں لے کر گئے ہیں کچھ پتا نہیں۔
ذرائع کے مطابق فواد چوہدری کو تھانہ آب پارہ اسلام آباد میں درج ایف آئی آر کے تحت گرفتار کیا گیا، ان کے خلاف 20 اگست 2022 کو مقدمہ درج کیا گیا تھا،
فواد چوہدری پر پی ٹی آئی کی ریلی نکالنے اور سڑکیں بلاک کرنے کا الزام ہے۔ انہیں اسلام آباد پولیس کے درجنوں اہلکاروں نے گھر کے باہر سے گرفتار کیا۔ انہیں گھر کے قریب موجود پارک میں ناشتہ کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔
بھائی فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے فواد چوہدری کوعدالت میں پیش کرنے کے لیے مجسٹریٹ کے سامنے درخواست دائر کرتے ہوئے کہا کہ فواد چوہدری کو غیر قانونی قید و حراست سے بازیاب کرایا جائے، وہ کسی مقدمے میں مطلوب نہیں پھر بھی غیر قانونی طور پر اٹھا کر لے گئے، عدالت فواد چوہدری کو بازیاب کراکے رہائی کے احکامات دے۔
تھانہ کوہسار کے مجسٹریٹ احمد شہزاد گوندل نے درخواست پر پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔
خیال رہے کہ اسلام آباد پولیس نے رواں سال کے اوائل جنوری میں بھی فواد چوہدری کو گرفتار کیا تھا، جب وہ پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی نائب صدر تھے۔