آباد کے سابق چیئرمین عارف جیوا کا انتقال، اراکینِ آباد کا اظہارِ تعزیت

کراچی: ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) کے سابق چیئرمین عارف جیوا انتقال کرگئے۔ ان کے انتقال کی خبر سے تعمیراتی اور رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ آباد کے اراکین، عہدیداران اور تعمیراتی صنعت سے وابستہ شخصیات نے عارف جیوا کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان فلک الماس کی جانب سے آباد کے جاری کردہ تعزیتی بیان میں کہا گیا ہے کہ عارف جیوا کی خدمات کو تعمیراتی شعبے میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ بیان میں کہا گیا کہ مرحوم نے آباد کو ایک مستحکم، منظم اور متحرک پلیٹ فارم بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا اور اپنے دورِ قیادت میں تنظیم کو نئی سمت دی۔ آباد کے اراکین کے مطابق عارف جیوا کی قیادت میں تنظیم نے نمایاں پیش رفت کی اور تعمیراتی صنعت کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مؤثر آواز بلند کی گئی۔
تعزیتی بیان میں مزید کہا گیا کہ مرحوم نے بلڈرز اور ڈیولپرز کو درپیش حکومتی، انتظامی اور پالیسی سے متعلق مسائل کے حل کے لیے بھرپور جدوجہد کی، جن کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔ ان کی دوراندیشی، قائدانہ صلاحیتوں اور صنعت کے لیے مخلصانہ کوششوں کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔
آباد کے اراکین نے کہا کہ عارف جیوا کا انتقال تعمیراتی شعبے کے لیے ایک بڑا نقصان ہے، جس کا خلا طویل عرصے تک محسوس کیا جاتا رہے گا۔ آباد نے سوگوار خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم اس دکھ کی گھڑی میں مرحوم کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
آخر میں آباد کی جانب سے دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور اہلِ خانہ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔ (آمین)۔

Abad's MembersArif JeevaCondolencesFormer Abad Chairmanpassedaway