اسلام آباد: بھارتی وزیراعظم مودی کی جماعت کے رہنماؤں کی جانب سے نبی کریم کی شان میں گستاخانہ بیان پر بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بیان میں کہا کہ نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخی پر بھارتی ناظم الامور کو طلب کرکے شدید احتجاج کیا گیا اور انہیں بتایا گیا کہ بی جے پی رہنماؤں کے گستاخانہ بیان سے امت مسلمہ کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی ناظم الامورکو بتایا گیا کہ توہین آمیز بیانات سے نہ صرف پاکستانی عوام بلکہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچی ہے۔ بھارتی حکومت ان رہنماؤں کے خلاف فیصلہ کن اور قابل عمل کارروائی کرے۔
دفترخارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت میں مسلمانوں کے خلاف فرقہ وارانہ تشدد اورنفرت میں خطرناک حد تک اضافے پرتشویش ہے۔ مسلمانوں کے خلاف جذبات بھڑکانا ان کو صدیوں پرانی عبادت گاہوں سے محروم کرنے کی کوشش ہے۔ بھارت اقلیتوں کے خلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔
پاکستان نے اقوام متحدہ، او آئی سی اورعالمی برادری سے بھارت میں خطرناک حد تک بڑھتے ہوئے ہندوتوا اوراسلاموفوبیا کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔