کراچی: موسم سرما کی پہلی بارش کے بعد شہر قائد میں سرد سائبیرین ہوائیں چلنے کا امکان ہے جب کہ اس دوران درجہ حرارت سنگل ڈیجیٹ ریکارڈ ہوسکتا ہے۔
ترجمان محکمہ موسمیات انجم نذیر نے بتایا کہ مغربی سسٹم کے نتیجے میں سب سے زیادہ بارش کیماڑی میں 6 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی، تاہم بارش کا سلسلہ بتدریج کراچی سے نکل رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ موجودہ سسٹم آج شام تک کراچی سے نکل جائے گا، جس کے بعد صرف بوندا باندی کے امکانات رہیں گے۔
محکمۂ موسمیات کے ترجمان کے مطابق سسٹم کے عقب میں موجود سرد ہوائیں چند روز بعد کراچی پر نمودار ہوں گی، سرد سائبیرین ہواؤں کے سبب 4 تا 5 جنوری کراچی میں موسم سرد ہوسکتا ہے۔
ترجمان نے پیش گوئی کی کہ اس دوران کم سے کم درجہ حرارت سنگل ڈیجیٹ میں ریکارڈ ہوسکتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ شب کراچی کے بیشتر علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش کے سبب موسم سرد اور خوش گوار ہوگیا۔
رات گئے بلوچ کالونی، محمود آباد، طارق روڈ، بہادر آباد، لائنز ایریا، ناظم آباد، اولڈ سٹی ایریا، کلفٹن، نارتھ ناظم آباد، گلشن اقبال، گلستان جوہ ، شارع فیصل، شاہ کالونی، سائٹ ایریا، بفرزون، شادمان ٹاؤن، فیڈرل بی ایریا، لیاقت آباد، بزرٹہ لائن، کالا پل، ملیر اور گولیمار سمیت دیگر علاقوں میں موسم سرم کی پہلی بارش ہوئی۔