پوٹاشیم سے بھرپور غذا امراض دل کے خدشات کم کرنے میں معاون

کراچی: ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ پوٹاشیم بڑی حد تک صحت کے پیچیدہ مسائل کے خطرات کو کم کرسکتا ہے، جن میں فالج کے خطرات میں 20 فیصد اور قلبی مرض میں 24 فیصد تک کمی شامل ہے۔
ماہرین کے مطابق دنیا بھر میں لاکھوں افراد کو علم نہیں لیکن وہ پوٹاشیم کی کمی میں مبتلا ہیں۔ یہ کمی صرف دل کے دورے اور فالج کے خدشات میں ہی اضافہ نہیں کرتی بلکہ دیگر ایسی علامات کا سبب بھی بنتی ہے جو کم جانے جاتے ہیں۔
ٹِیسائڈ یونیورسٹی کے پروفیسر جان ینگ نے خراب غذائی عادات (بالخصوص الٹرا پروسیسڈ غذاؤں اور نمک کی زیادہ کھپت) سے متعلق بتایا کہ یہ عوامل پوٹاشیم کی کم مقدار کے بڑے اسباب ہیں۔
پوٹاشیم جسم میں نہایت اہم کردار ادا کرتا ہے۔ یہ اعصابی سگنلز کو منظم کرتا ہے، پٹھوں کے سکڑاؤ کو سہارا دیتا ہے، دل کی دھڑکن کو متوازن رکھتا ہے اور سوڈیم (نمک) کے اثرات کو کم کرکے بلڈپریشر کو قابو میں رکھنے میں مدد دیتا ہے۔
ماہرین کے مطابق معمولی سی کمی بھی پٹھوں میں کھنچاؤ، قبض اور سر درد کی علامات کا سبب بن سکتی ہے جب کہ شدید کمی کی صورت میں یہ ذہنی الجھن، ڈپریشن، بے ترتیب دھڑکن، ہاضمے کے مسائل اور سانس کے مسائل کا سبب بنتی ہے اور اگر علاج نہ کرایا جائے تو صحت کے پیچیدہ مسائل پیش آسکتے ہیں۔

Foods rich in potassiumhelp reduce the risk of heart diseasesNew Research