آٹا 160 روپے کلو، مرغی کی قیمتیں بھی آسمان پر پہنچ گئیں

کراچی/ لاہور/ اسلام آباد: ملک بھر میں آٹے کی قیمت روز بروز انتہائی تیزی سے بڑھ رہی ہے، منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کی چاندی ہوگئی ہے، آٹا مزید 10 روپے مہنگا کردیا گیا۔
ملک کے مختلف حصوں میں چکی کے آٹے کی قیمت میں مزید 10 روپے فی کلو اضافہ دیکھنے میں آیا، جس کے بعد آٹے کی قیمت 160 روپے فی کلو ہوگئی ہے۔
پنجاب میں مارکیٹ ذرائع کے مطابق چکی آٹا مالکان نے 2 ماہ میں مسلسل 8 ویں بار قیمت بڑھائی ہے، فائن آٹے کی 100 کلو کی بوری 12ہزار 600 روپے کی ہوگئی ہے جب کہ 15 کلو آٹے کا کمرشل تھیلا 2 ہزار 150 روپے میں فروخت ہورہا ہے۔

اس کے علاوہ ملک کے مختلف حصوں میں مرغی کے گوشت اور انڈے کی قیمت میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے جس سے انڈے 290 روپے درجن ہوگئے ہیں۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق مرغی کے گوشت کی سرکاری قیمت 574 روپے کلو ہوگئی ہے اور بعض دکاندار مرغی کا گوشت 620 روپے کلو میں بیچ رہے ہیں۔
دوسری جانب کوئٹہ میں بھی مرغی کے گوشت کی قیمت میں 20 روپے کا اضافہ ہوگیا جس سے مرغی کا گوشت 620 روپے کلو تک جا پہنچا ہے۔
کراچی اور سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی مرغی 600 یا اس سے زائد میں فروخت کی اطلاعات ہیں۔ آٹے کے دام کہیں 150 اور کہیں 160 روپے فی کلو ہیں۔

Across PakistanChicken rate increaseflour rateHigh rate