کراچی: بلوچی گلوکار وہاب علی بگٹی جو کوک اسٹوڈیو کے 14ویں سیزن کے مشہور گانے ’کنا یاری‘ سے مشہور ہوئے تھے، بلوچستان میں آنے والے سیلاب سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔
سماجی ذرائع ابلاغ پر وہاب علی بگٹی کی چند تصاویر وائرل ہورہی ہیں، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ چھوٹے چھوٹے بچوں اور دیگر اہلِ خانہ کے ہمراہ بلوچستان کی موجودہ سیلابی صورت حال کی وجہ سے بے گھر، کھلے آسمان تلے دن اور رات گزار رہے ہیں۔
صوبہ بلوچستان کے ضلع نصیرآباد میں سیلاب کے باعث ان کا کچا مکان سیلاب کی نذر ہوگیا اور وہ کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہیں۔
انسٹاگرام کے مختلف ہینڈلز کی جانب سے شیئر کردہ ان تصاویر پر وہاب علی بگٹی کے مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کوک اسٹوڈیو کو ٹیگ کرکے گلوکار کی مدد کی اپیل کی جارہی ہے اور بلوچستان کی صورت حال پر افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے۔
مذکورہ پوسٹ پر پاکستان کی معروف گلوکارہ حدیقہ کیانی نے بھی کمنٹ کرتے ہوئے وہاب علی بگٹی اور بلوچستان کو درپیش سیلابی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا۔
حدیقہ کیانی نے اعلان کیا کہ وہ عطیات جمع کررہی ہیں اور جلد اپنی سیلاب زدگان کے لیے مہم 2022 وسیلہِ راہ کے ذریعے کوک اسٹوڈیو کے گلوکار وہاب علی بگٹی اور دیگر سیلاب زدگان کی مدد کی خاطر بلوچستان پہنچنے والی ہیں۔