سیلابی صورت حال: سوات اور چارسدہ میں ایمرجنسی نافذ

پشاور: سیلابی صورت حال کے پیش نظر محکمہ ریلیف خیبر پختون خوا نے سوات اور چارسدہ میں فلڈ ایمرجنسی نافذ کردی۔
انتطامیہ کے مطابق کالام کی تاریخی مسجد سمیت سوات کے کئی مقامات پر سیلابی پانی گھروں میں داخل ہوگیا ہے، اس کے علاوہ سوات میں بحرین اور مدین کے درمیان سڑک سیلابی ریلے میں بہہ گئی، جس کی وجہ سے روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق سوات ایکسپریس وے لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے پلائی کے مقام پر جزوی طور پر بند کردی گئی ہے۔
اسلام آباد، پشاور سے آنے والی ٹریفک کو پلائی انٹرچینج سے گزارا جارہا ہے اور سوات سے آنے والا ٹریفک چکدرا کے مقام پر بند کردیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق دریائے سوات کا سیلابی ریلا دوپہر کے وقت منڈا ہیڈورکس سے گزرے گا، جہاں دریائے سوات میں خیالی کے مقام پر پانی کا اخراج 2 لاکھ کیوسک سے تجاوز کرسکتا ہے۔
ادھر چارسدہ میں سیلاب کے نقصانات سے بچنے کے لیے اقدامات شروع کردیے گئے ہیں، عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے اعلانات کیے جارہے ہیں، سیلابی پانی نشیبی علاقوں میں داخل ہونا شروع ہوگیا ہے، جس سے علاقہ شاہی قلالی کے 500 گھر زیرآب آگئے۔

CharsaddaFlood Emergency imposedKPKRelief Department KPKswat