نیویارک: وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ دنیا کو ذاتی پسند اور ناپسند کو چھوڑ کر ہماری مدد کرنا ہوگی۔
نیویارک میں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں سے متعلق پوری دنیا کو آگاہ کردیا ہے، دنیا کو ہمیں ریلیف دینا ہوگا، ہمیں فسکل اسپیس دینا ہوگا تاکہ ہم کروڑوں لوگوں کو ان کے گھروں میں بساسکیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک میں سیلاب کے باعث 1500 سے زائد جانیں ضائع ہوئیں اور معیشت کو 30 ارب ڈالر کا نقصان پہنچا، فوری طور پر ڈونرز کانفرنس کا انتظام کرنا ہوگا۔
دھیان رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف آج اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کریں گے، اپنے خطاب میں وزیراعظم ماحولیاتی تبدیلی سے آئے سیلاب کی تباہی کا ذکر کریں گے اور مسئلہ کشمیر کے حل پر بھی زور دیں گے۔