آسام: بھارت میں شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، سیلابی ریلا دو منزلہ پولیس اسٹیشن کی عمارت کو بہا لے گیا۔
بیرونی ذرائع ابلاغ کے مطابق پولیس اسٹیشن کے بہنے کا واقعہ بھارتی ریاست آسام میں پیش آیا، جہاں طوفانی بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے سیکڑوں افراد ہلاک اور گھر سیلابی ریلے کی نذر ہوچکے ہیں۔
انہی متاثرہ عمارتوں میں ایک عمارت سیلاب میں بہہ جانے والے پولیس اسٹیشن کی ہے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے عمارت کی نچلی منزل پانی میں ڈوب گئی ہے، اس کے بعد اچانک عمارت منہدم ہوجاتی ہے، خوش قسمتی سے حادثے کے وقت عمارت میں کوئی موجود نہیں تھا۔
مقامی ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام کا کہنا ہے کہ ریاست میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 10 افراد جان کی بازی ہار گئے، اپریل سے اب تک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے مرنے والوں کی تعداد 117 ہوگئی ہے۔
حکام کے مطابق سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے 3 ہزار 510 دیہات کے 33 لاکھ سے زائد مکین متاثر ہوئے ہیں۔