ایبٹ آباد: کاکول ملٹری اکیڈمی میں قومی کرکٹرز کی فٹنس ٹریننگ کا سلسلہ جاری ہے۔ اس ٹریننگ کے دوران وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان 2 کلومیٹر دوڑنے میں شدید مشکلات کا شکار ہوگئے۔
ٹریننگ کے دوسرے روز پاکستانی کرکٹرز کی فٹنس کا جائزہ لینے کے لیے دوڑ لگوائی گئی، اس ٹیسٹ کے دوران عرفان اللہ خان نیازی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو کلومیٹر کی دوڑ 6 منٹ اور 47 سیکنڈز میں مکمل کی اور سرفہرست رہے جب کہ اعظم خان محض ڈیڑھ کلومیٹر ہی دوڑ سکے، اس ریس کو ٹائم فریم 20 منٹ رکھا گیا تھا۔
دیگر قابل ذکر پرفارمنس میں محمد رضوان نے 8 منٹ 26 سیکنڈز، محمد حارث، نسیم شاہ، حسیب اللہ اور محمد وسیم جونیئر نے 8 منٹ 27 سیکنڈز میں رن مکمل کیا۔
اسی طرح مہران ممتاز نے 8 منٹ 30 سیکنڈز، شاہین شاہ آفریدی نے 8 منٹ 37 سیکنڈز، آغا سلمان نے 9 منٹ 20 سیکنڈز، محمد عامر نے 9 منٹ 30 سیکنڈ، شاداب خان نے 9 منٹ 56 سیکنڈ اور محمد نواز 9 منٹ اور 57 سیکنڈ میں ریس مکمل کی۔
آل راؤنڈر عماد وسیم گھٹنے کی ممکنہ انجری میں مبتلا ہونے کے خدشات کے باعث شرکت نہیں ہوسکے، اسی طرح فخر زمان اور حارث رؤف نے ٹیسٹ سے گریز کیا کیونکہ دونوں کرکٹر بھی انجریز کا شکار ہیں۔
بابراعظم عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب میں ہونے کے باعث ابھی اس ٹریننگ میں شامل نہیں ہیں، تاہم وہ وطن واپسی پر اس میں شمولیت کریں گے۔