ملکی اور پی آئی اے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اسکردو ایئرپورٹ پر ایک روز میں 6 پروازوں کی آمد ہوئی ہے، دُور افتادہ علاقہ سمجھا جانے والا اسکردو گزشتہ سال تک ہفتے کی صرف 5 پروازوں کا استقبال کرتا تھا، وزیر اعظم عمران خان کے وژن اور وزیر ہوابازی کی ہدایات کی روشنی میں پی آئی اے نے شمالی علاقہ جات کی پروازوں میں غیر معمولی اضافہ کیا، اسکردو ایئرپورٹ اب ملک کے بڑے ایئرپورٹس کے مقابلے میں زیادہ پروازیں ہینڈل کررہا ہے۔
24 جولائی کو بھی اسکردو پر 12 پروازیں ہینڈل ہوئیں، پروازیں اسلام آباد کے علاوہ کراچی، لاہور، سیالکوٹ اور فیصل آباد سے پہنچیں اور روانہ ہوئیں، سی ای او پی آئی اے ایئر مارشل ارشد ملک نے اس موقع پر وزیر ہوا بازی، وزیراعظم پاکستان اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر سی ای او پی آئی اے ارشد ملک ایئر مارشل ارشد ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان کے شمالی علاقہ جات دنیا کے خوبصورت ترین علاقے شمار ہوتے ہیں، وقت آگیا ہے کہ ان علاقوں کو پورے پاکستان اور پوری دنیا کے لیے کھولا جائے، پی آئی اے اس سلسلے میں پرچم بردار ایئر لائن کی حیثیت سے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔