چٹاگانگ: پاکستان اور بنگلادیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان سیریز کے اولین ٹیسٹ کے پہلے دن کے اختتام پر بنگلادیش نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 253 رنز بنالیے۔
پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ چٹاگانگ میں کھیلا جارہا ہے، ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کھیل کے اختتام پر بنگلادیش نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 253 رنز بنالیے ہیں۔
میچ شروع ہوا تو بنگلادیش نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور اننگز کا آغاز شادمان اسلام اور سیف حسن نے کیا تاہم دونوں اوپنرز 14،14 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، جس کے بعد ون ڈاؤن آنے والے دونوں کھلاڑی بھی پویلین لوٹ گئے، 49 رنز پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد لٹن داس اور مشفیق الرحیم نے ٹیم کو سنبھالا اور اسکور آگے بڑھاتے ہوئے 200 رنز کی شراکت بناڈالی۔
دونوں کھلاڑیوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو مشکل وقت سے نکالا، لٹن داس نے سنچری اسکور کرتے ہوئے 113 رنز بنائے جب کہ مشفیق الرحیم نے 82 رنز بنائے تاہم 5 اوورز قبل خراب روشنی کے باعث کھیل ختم کردیا گیا۔
قومی ٹیم کی جانب سے اوپنر عبداللہ شفیق نے ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کیا، کپتان بابراعظم نے عبداللہ شفیق کو گرین کیپ دی۔